لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کے ریلیشن شپ ایکسپرٹ جیکب لوکس نے بیویوں کو شوہروں کی بے وفائی کی کچھ حیران کن نشانیاں بتادی ہیں کہ جس کے بعد بے وفا شوہروں کے لیے کوئی جائے فرار نہ رہے گی۔ میل آن لائن کے مطابق اپنے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں جیکب لوکس نے پہلی نشانی یہ بتائی ہے کہ جس شخص نے کسی غیرعورت کے ساتھ تعلق قائم کر رکھا ہوتا ہے وہ حتی الامکان اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس پر اپنی بیوی کی یا اس کے ساتھ بنائی گئی تصاویر پوسٹ نہیں کرتا۔
جیکب لوکس نے دوسری نشانی یہ بتائی کہ بے وفا شوہر کبھی اپنی بیوی کو اپنے دوستوں کے سرکل میں متعارف نہیں کراتا۔ وہ ہمیشہ چاہتا ہے کہ اس کی بیوی اس کے سرکل سے دور رہے تاکہ اس کی بے وفائی راز ہی رہے۔ وہ کبھی اپنی بیوی کو اپنے ساتھ پارٹیوں میں نہیں لے کر جاتا۔
جیکب لوکس نے بتایا کہ جب کوئی شوہر کسی غیرعورت کے ساتھ تعلق قائم کرتا ہے تو اس کی عادات میں کچھ ناگزیر تبدیلیاں آتی ہیں۔ وہ اپنے لباس وغیرہ کا بہت زیادہ خیال رکھنے لگتا ہے اور وہ پہلے کی نسبت فون پر زیادہ مصروف رہنے لگتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ مختلف حیلے بہانوں سے گھر سے باہر رہنے لگتا ہے۔جیکب لوکس کا کہنا تھا کہ جس شخص میں یہ تبدیلیاں آئیں اس کی بیوی کو متنبہ ہو جانا چاہیے۔