مشہور پاکستانی اداکار فیروز خان نے باکسنگ کے میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ ڈرامہ سیریل “اکھارا” میں باکسر کا کردار نبھانے کے بعد، اب وہ حقیقت میں باکسنگ میچ کے لیے تیار ہیں۔
فیروز خان نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنے مداحوں کو اس منصوبے کی اطلاع دی۔
انہوں نے کہا، “یہ میرا نیا گیم پلان ہے اور میں باکسنگ کیریئر شروع کرنے جا رہا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ لوگ ٹریننگ اور فٹنس پر کام کریں، اور یہ اقدام ان ایتھلیٹس کے لیے راستے کھولے جو اپنا موقع ڈھونڈ رہے ہیں۔”
فیروز نے مزید بتایا کہ یہ مقابلہ فروری 2024 میں ہوگا اور انہوں نے اس معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ انہوں نے مداحوں کو یقین دلایا کہ وہ وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹس شیئر کرتے رہیں گے۔
اداکار کے حریف کوئی اور نہیں بلکہ متحدہ عرب امارات کے معروف کامیڈین اور مواد تخلیق کار رحیم پردیسی ہوں گے۔
فیروز نے رحیم کے چیلنج پر جواب دیتے ہوئے کہا، “رحیم، میں نے تمہاری کال آؤٹ ویڈیو دیکھی ہے، لیکن یاد رکھو، رنگ میں میرے ساتھ رہنے والے سب جانتے ہیں کہ میں کیسا ہوں۔ تمہیں اپنی اسکلز کو بہتر کرنا ہوگا کیونکہ میں بہت تیز ہوں!”
کچھ مداح اس مقابلے کو لے کر بے حد پرجوش ہیں جبکہ کچھ فیروز کے اداکاری سے کھیل کی طرف جانے کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔
فیروز نے پہلے بھی 2021 میں ایک انٹرویو کے دوران باکسنگ میں دلچسپی ظاہر کی تھی، جس میں انہوں نے کہا تھا، “جس طرح میرے دوستوں نے اداکاری کے فیصلے پر میرا مذاق اڑایا تھا، ویسے ہی باکسنگ کے خواب پر بھی کیا۔ یہی میرے لیے جیت کی علامت ہے۔”